لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ تسلیم نہیں کرتی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نےکہا کہ ضمنی الیکشن، سینیٹ اور چیئرمین سینیٹ کے الیکشن نے حکومت کی قلعی کھول دی ہے جب کہ یوسف رضا گیلانی کو 49 ووٹ ملے یہ دھاندلی نہیں ڈاکا ہے، جعلی خواب دکھانے والے اور انقلاب لانے والے بےنقاب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انہوں نے خود بنایا تھا، کیا الیکشن کمیشن عمران خان کی مرضی کے فیصلے کرتا؟ آپ الیکشن کمیشن سے استعفیٰ مانگتے ہیں، اب عمران خان کے استعفے کا وقت ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں میں جارہے ہیں، یہ تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں، استعفوں کےمعاملے پر پی ڈی ایم کی میٹنگ ہو گی اس میں فیصلہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملکی تاریخ کا بڑا مارچ کرنے جارہی ہے، کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور  ہمارے لیے زندگیاں اہم ہیں لیکن ملک اس سے زیادہ اہم ہے۔

جواب ڇڏي وڃو

توهان جو برق‌ٽپال پتو شايع نہ ڪيو ويندو. گھربل شعبا مارڪ ڪيل آهن *