اسلام آباد میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے پریڈ جاری ہے۔

اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں جاری مسلح افواج کی پریڈ میں تمام صوبوں کی ثقافت جھلک رہی ہے جب کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے وفود بھی پریڈ میں شریک ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت دیگر وفاقی وزرا بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں موجود ہیں جب کہ وزیراعظم عمران خان کورونا میں مبتلا ہونے کے سبب پریڈ میں نہیں آسکے۔

اس کے علاوہ غیر ملکی سفیروں اور دیگر سول و اعلیٰ عسکری حکام بھی پریڈ میں شریک ہیں۔

صدر مملکتِ عارف علوی کو صدارتی پروٹوکول میں پریڈ میں لایا گیا جس کے بعد قومی ترانا بجایا گیا اور تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر کو سلامی پیش کی۔

مسلح افواج کی سلامی کے بعد صدر پاکستان عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی سربراہی میں فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا اور صدر کو سلامی پیش کی۔

اسلام آباد میں اس موقع پر آج مقامی سطح پر تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ وفاقی دارالحکومت میں خراب موسم کی بنا پر 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ کو ملتوی کرکے  25 مارچ کو پریڈ رکھی گئی۔

جواب ڇڏي وڃو

توهان جو برق‌ٽپال پتو شايع نہ ڪيو ويندو. گھربل شعبا مارڪ ڪيل آهن *